ٹرمپ شکست خوردہ سابق صدر سے زیادہ کچھ نہیں: جو بائیڈن
امریکی صدر نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے عوامی رائے کو دبانے کی کوشش کی۔
امریکی پارلیمنٹ پر حملے کے ایک سال پورے ہونے پر منعقدہ تقریب میں تقریر کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے واحد صدر ہیں جنہوں نے اقتدار کی پرامن منتقلی کو روکنے کی بھر پور کوشش کی۔
جوبائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک شکست خوردہ سابق صدر سے زیادہ کچھ نہیں۔ انہوں نے امریکی شہریوں کے ووٹ کے حق پر حملہ اور انتخابی نتائج سے متعلق مسلسل جھوٹ بولا۔
امریکی صدر نے کہا آپ اور میں اور پوری دنیا نے اپنی آنکھوں سے ان مناظر کو دیکھا، بائیڈن نے وہاں موجود لوگوں سے کہا کہ وہ آنکھیں بند کر کے اُس دن کو یاد کریں، اس ڈراونے پرتشدد منظر کو دیکھیں، ہجوم پولیس پر حملہ کررہی تھی، ایوان کی اسپیکر کو دھمکایا جارہا تھا، نائب صدر کو پھانسی دینے کی دھمکی دی جارہی تھی اور جب یہ ہورہا تھا تب ٹرمپ وہائٹ ہاوس میں ٹی وی پر یہ منظر دیکھ رہا تھا۔
دوسری جانب نائب امریکی صدر کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ چھ جنوری کا واقعہ امریکہ کے لیے پرل ہاربر اور نائن الیون جیسا بد ترین دن تھا۔
چھ جنوری کے واقعہ کی مناسبت سے پورے دن کئی پروگرام منعقد کیے گئے جن میں ڈیموکریٹ ارکان بذات خود یا ورچول طور پر شامل ہوئے جب کہ تقریباً سبھی ریپبلکن کیپٹل ہل سے غیر حاضر رہے۔
واضح رہے کہ 6 جنوری2021 کو ٹرمپ کے حامیوں نے کیپٹل ہل (امریکی پارلیمنٹ کی عمارت) پر دھاوا بول دیا تھا۔ جس سے پوری دنیا میں امریکی جمہوریت سے متعلق اس کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا۔