امریکی وزیر خارجہ کے طنزیہ بیان پر روس کا دلچسپ جواب
روس کی وزارت خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے ان پر قزاقستان کے داخلی امور میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ بات ایک تاریخی سبق رکھتی ہے کہ جب روسی آپ کے یہاں ہوں تو بعض اوقات انھیں نکال باہر کرنا بہت دشوار ہوتا ہے۔
اس طنزیہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے روس نے کہا ہے کہ اگر امریکی وزیر خارجہ تاریخی دروس میں دلچسپی رکھتے ہیں تو سب سے پہلے ذہن جس طرف جاتا ہے وہ یہ ہے کہ جب امریکی آپ کے گھر پر آجائیں تو یہ سوچنا ہی مشکل ہو جاتا ہے کہ ان کے رہتے ہوئے آپ زندہ بھی رہ سکیں گے یا جارحیت کا نشانہ نہیں بنیں گے۔
روس کی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں مختلف ملکوں منجملہ کوریا، ویتنام، شام اور عراق کی طرف اشارہ بھی کیا۔
روس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ نے قزاقستان کے افسوسناک حالات کا مذاق اڑانے کی کوشش کی ہے البتہ یہ کوئی پہلی بار نہیں ہے کہ انھوں نے اس قسم کا مداخلت پسندانہ بیان دیا ہے ۔