امریکہ میں شدید برفانی طوفان، ہزاروں پروازیں منسوخ، ایمرجنسی نافذ
مشرقی امریکہ میں آئے شدید سرمائی اور برفانی طوفان سے نظام زندگی معطل ہو کے رہ گیا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق تیز ہواؤں اور شدید برف باری کے ساتھ ایک طوفان ہفتے کے روز مشرقی امریکہ کے نو کروڑ کی آبادی والے ساحلی علاقوں سے آ ٹکرایا جس کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق موسم کی خرابی اور تیز برفباری کے باعث ہزاروں پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔ شمال مشرقی امریکہ اور بحر اقیانوس کے وسطی علاقوں میں سرمائی طوفان اور جما دینے والی سخت سردی کے بعد امریکہ کی کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور نیشنل گارڈز کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
تین ہفتے قبل بھی امریکی ریاست کنٹاکی میں کئی شدید ٹارنیڈو اور مرکزی و جنوبی امریکہ میں شدید طوفان کے باعث کم سے کم اسی افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
موسمیات کے ماہرین اور سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سال دوہزار اکیس امریکہ کے لئے قدرتی اور ماحولیاتی آفات کے اعتبار سے بڑا برا سال رہا ہے۔ امریکہ کے نیشنل اوشینِک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن این او اے اے کے مطابق گزشتہ برس کے دوران بیس قدرتی آفتوں کا ملک کو سامنا رہا جن میں سے ہر ایک سے کم از کم ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دوہزار اکیس میں امریکہ میں پیش آنے والے قدرتی و ماحولیاتی بحرانوں کے باعث مجموعی طور پر ایک سو پینتالیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور کم از کم چھے سو اٹھاسی افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔