امریکا میں شدید برفباری، 24 افراد ہلاک و زخمی
Jan ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
امریکا میں شدید برفباری نے نظام زندگی مفلوج کردیا، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 7 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی مشرقی ریاستیں ان دنوں طاقت ور موسم سرما کے طوفان کی زد میں ہیں، حکام نے آدھی ریاستوں میں شدید برف باری کی وارننگ جاری کردی ہے۔ شدید برفباری سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، برفباری کے باعث بعض ریاستوں میں سڑکیں اورتعلیمی ادارے بند کرد یئے گئے جبکہ مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوچکے ہیں ۔
حکام نے لوگوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ زیادہ تر ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا جبکہ کچھ ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 29 ڈگری تک پہنچ گیا ۔ جبکہ شدید برفباری کی وجہ سے 7 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں۔