Jan ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • افغان شہریوں کی میزبانی میں ایران و پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی میں ایران و پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے افغانستان کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے اپنے خطاب میں افغانستان کی مدد کے بارے میں دنیا کے مختلف ملکوں کو متوجہ کراتے ہوئے کہا ہے کہ دسیوں لاکھ افغان شہریوں اور پناہ گزینوں سے متعلق ایران و پاکستان کی دریا دلی قابل ستائش ہے۔

انھوں نے عالمی برادری کی جانب سے ایران و پاکستان جیسا رویہ اختیار کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کے بحرانی حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے ایک نئے مشن کے آغاز کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ افغانستان کی نصف سے زائد آبادی کو بھوک اور قحط کا سامنا ہے، کہا کہ افغانستان گذشتہ دو عشروں سے بدترین دور سے گزر رہا ہے اور اس ملک کے نوے لاکھ شہری انتہائی بری حالت میں زندگی بسر کر رہے ہی‍ں۔

واضح رہے کہ افغانستان میں گزشتہ سال پندرہ اگست کو اس ملک سے صدر اشرف غنی کے فرار کے بعد طالبان نے اقتدار اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے۔

ٹیگس