دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 56لاکھ 72ہزار سے زائد
دنیا بھر میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 36 لاکھ سے زائد نئے کیسز کے ساتھ ہی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 56لاکھ 72ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلا اور ہلاک ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اس جان لیوا وبا کی زد میں آنے سے گزشتہ ایک دن میں 36 لاکھ 11 ہزار 533 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی دنیا بھر میں اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 کروڑ 78 لاکھ 91 ہزار 211 ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں اس وائرس سے اب تک 56 لاکھ 72 ہزار 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادھر ہندوستان میں اس مہلک وبا سے ہلاکتیں روکنے کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 61 لاکھ سے زیادہ افراد کو کووڈ ویکسین لگائی گئی ۔ اس کے ساتھ ہی کل ویکسینیشن 166.68 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے آج بروز منگل بتایا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 61 لاکھ 45 ہزار 676 افراد کو کووڈ ویکسین لگائی گئی اور آج صبح 7 بجے تک 166 کروڑ 68 لاکھ 48 ہزار 204 کووڈ ویکسین دی جاچکی ہیں۔
وزارت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ وائرس کے مزید ایک لاکھ 67 ہزار 59 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 43 ہزار 59 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں این سی او سی نے گھر گھر ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی مہم میں ٹیمیں عوام کو کورونا ویکسین لگائیں گی۔
اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی ویکسی نیشن کی خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے، مہم کے تحت ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکسین لگائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کے لیے گھرگھر مہم سے عوام فائدہ اٹھا سکتے ہیں، عوام ہر صورت ویکسی نیشن کروائیں، کورنا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ 18 کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، عوام کی بڑی تعداد بھی بوسٹر ڈوز لگوا چکی ہے جب کہ بوسٹر دوز لگوانے والے افراد کو کورونا ہونے کے باوجود کم مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔