شمالی کوریا کا ایک اور میزائلی تجربہ
روس اور یوکرین کی کشیدگی کے دوران شمالی کوریا نے ایک اور میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق، شمالی کوریا نے اتوار کو ایک اور میزائل کا تجربہ کیا۔
یونہاپ نے کہا کہ یہ میزائل مشرق کی طرف فائر کیا گیا تھا اور اس کے لانچ کا اعلان جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس) نے کیا تھا۔
دوسری جانب جاپان کے کوسٹ گارڈ نے بھی کہا ہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کی صبح ایک میزائل کا تجربہ کیا۔
گزشتہ 2 ماہ کے دوران شمالی کوریا کا یہ آٹھواں میزائلی تجربہ ہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے حال ہی میں ایک میزائل تجربے کے موقع پر پیونگ یانگ کی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کا فرمان جاری کیا تھا۔
اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمائندے کیم سونگ نے بھی زور دے کر کہا ہے کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانا شمالی کوریا کا قانونی حق ہے اور پیونگ یانگ کسی ملک پر حملے کا ارادہ نہیں رکھتا لیکن جب تک امریکہ اپنی مخاصمانہ پالیسیوں سے دستبردار نہیں ہوتا اس وقت تک وہ اپنے میزائل پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔