روس کے خلاف مزید پابندیوں پر امریکہ و فرانس متفق، روس: فرق نہیں پڑتا
فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے اپنے امریکی ہم منصب جوبائیڈن سے ٹیلیفون پر بات چیت میں روس کے خلاف پابندیاں مزید بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکہ و فرانس کے سربراہوں نے ٹیلیفون پر اپنی گفتگو میں حالیہ سفارتی طریقوں کا بھی جائزہ لیا اور روس کو یوکرین پر حملے کا جواب دہ بنانے اور یوکرین کی حکومت اور عوام کے لئے اپنی حمایت پر ایک بار پھر تاکید کی۔
فرانس کے صدر میکرون نے اسی طرح یوکرین کے صدر زلنسکی سے بھی گفتگو کی۔ اس گفتکو میں یوکرین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا اور امانوئل میکرون نے یوکرین کی ایک بار پھر حمایت کا اعلان کیا۔
یوکرین کے خلاف روس کے فوجی آپریشن پر عالمی سطح پر ردعمل کے اظہار کا سلسلہ جاری ہے اور روس کے خلاف پابندیوں کو مزید سخت کرنے اور زیادہ سے زیادہ دباؤ بڑھانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب روس کے نائـب وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو کے خلاف یورپ و امریکہ کی پابندیوں اور دباؤ سے اس کا راستہ تبدیل نہیں ہو گا۔ سرگئی ورشینین نے کہا کہ یورپ و امریکہ نے روس کو فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور روس کے خلاف اب تک سخت ترین پابندیاں عائد کی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ روس کے خلاف کسی بھی قسم کی پابندیوں سے صورت حال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نہ ہی کبھی روس ان پابندیوں کو اٹھانے یا نرم کرنے کی درخواست کرے گا۔