Mar ۱۷, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • شام میں موجود امریکی دہشتگردوں پر ڈرون حملہ

شام کے مشرقی علاقوں پر قابض امریکی دہشتگردوں کے ایک اڈے پر ڈرون حملہ ہوا ہے۔

فارس نیوز نے عراقی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام کے شمال مشرقی علاقے دیرالزور میں واقع العمر آئل فیلڈ کہ جہاں امریکی دہشتگرد قبضہ جمائے ہوئے ہیں، ایک ڈرون طیارے سے حملہ کیا گیا ہے۔

یہ علاقہ عراق و شام کی سرحد پر واقع ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے امریکہ کے باوردی دہشتگرد شام کے قومی سرمائے کو لوٹنے کی غرض سے اس علاقے پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ ابھی تک اس حملے کے سلسلے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

شام میں امریکی آلۂ کار دہشتگرد ٹولے داعش کی شکست کے بعد اب خود امریکی میدان میں آگئے ہیں اور شامی عوام اور خطے کے استقامتی محاذ کے خلاف برسر پیکار ہیں ۔شام کے مختلف علاقوں میں امریکی موجودگی کے خلاف عوامی ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے اور لوگ آئے دن دہشتگردی سے جنگ کے بہانے شام میں موجود امریکہ کے باوردی دہشتگردوں کے خلاف مظاہرہ کرتے ہیں۔

شام کی حکومت نے بھی بارہا اقوام متحدہ میں امریکہ کی سرکردگی میں اپنے ملک میں موجود غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کو غیرقانونی اور جارحیت قرار دیتے ہوئے اُس پر سخت اعتراض درج کرایا ہے۔

خیال رہے کہ عراق میں موجود امریکی دہشتگردوں پر حملے روز کا معمول بن چکے ہیں جبکہ شام میں بھی امریکی فوجیوں اور انکے اڈوں پر حالیہ مہینوں کے دوران بارہا حملے کئے جا چکے ہیں۔

ٹیگس