جنگ یوکرین کے سبب بچوں کی اسمگلنگ سنگین خطرہ اختیار کرگئی: یونیسف
بچوں کے عالمی ادارے یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ جنگ یوکرین کے باعث بچوں کی اسمگلنگ اوران سے ناجائز کام کا خطرہ ٹھوس شکل اختیار کرگیا ہے۔
یونیسف کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ یوکرین کے باعث بڑے پیمانے پر لوگ بے گھر ہوئے ہیں اور جن میں 15 لاکھ سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔ بیان کے مطابق اس صورتحال سے انسانی اسمگلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور بچوں کی حفاظت کا معاملہ سنگین شکل اختیار کرگیا ہے۔
یونیسف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 24 مارچ سے سترہ فروری کے دوران صرف رومانیہ پہنچنے والے بے سہارا بچوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے۔ جنگ یوکرین کے نتیجے میں ماں باپ سے جدا ہونے والے بچوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
رپورٹ میں آیا ہے کہ جنگ یوکرین کے نتیجے میں ماں باپ سے جدا ہونے والے بچوں کو اسمگل کیے جانے اور ان سے ناجائز کام لیے جانے کے خطرات ٹھوس ہوگئے ہیں۔
یونیسف نے پناہ گزینوں کو قبول کرنے والے ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے یہاں آنے والے بچوں کی نگہداشت اور حفاظت پر خاص توجہ دیں اور سرحدی گزرگاہوں کو سختی کے ساتھ کنٹرول کریں۔