ماریوپول میں یوکرینی فوجیوں نے ہتھیار ڈال دیے: روس کا دعوی
روس نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کے شہر ماریوپول میں ایک سو تیس سے زیادہ یوکرینی فوجیوں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں جبکہ روس نے یوکرین کے متعدد فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرکے کئی ڈیفنس سسٹم تباہ کردیئے۔
روس یوکرین جنگ کو اکیاون روز ہو رہے ہیں، روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ایس فور ہنڈریڈ ڈیفنس سسٹم نے یوکرین کا ایم آئی ماڈل کا ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے جس نے روس کے بریانسک علاقے کے ایک دیہات پر حملہ کیا تھا۔
روسی وزارت دفاع کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے پولینڈ کے تقریبا تیس کرائے کے فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرینی فوجیوں کے اقدام کے جواب میں کی ایف کی تنصیبات پر میزائلی حملوں کی تعداد اور اس کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے یوکرین کے سات فوجی اڈوں منجملہ میزائلوں اور اسلحوں کے ایک گودام، فوجیوں کے چھے اڈوں نیز یوکرین کے مختلف علاقوں میں چوّنویں اور ایک سو اٹھائیسویں بریگیڈ کے میکانائیزڈ ساز و سامان کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔
روس کے توپخانوں اور میزائلی یونٹوں نے بھی ایک سو بتیس اڈوں کو گولہ باری کرکے اور میزائلی حملوں کا نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔ روس کے توپخانوں اور میزائلی یونٹوں نے یوکرین کے جن ایک سو بتیس مراکز کو تباہ کیا ہے ان میں آٹھ کمانڈ سینٹر، ایک سو دس فوجی اڈے، فوجی ساز و سامان اور چار توپیں شامل ہیں۔
دوسری جانب یوکرین کے لوہانسک علاقے کے گورنر نے اس علاقے کے چھے شہروں کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر سے باہر نکل جائیں اور اس سلسلے میں بالکل پس و پیش نہ کریں اور جتنی جلدی ہوسکے شہر سے باہر نکل جائیں۔
روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشنکوف نے کہا ہے کہ ماریوپول میں انجام دیئے جانے والے آپریشن میں یوکرین کے ایک سو چونتیس میرنس نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں جن میں چودہ فوجی افسر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے اندر ایک سو چھہتر فوجی افسروں سمیت ایک ہزار ایک سو ساٹھ یوکرینی فوجی ہتھیار ڈال چکے ہیں۔
ادھر روسی وزارت دفاع نے بحرالکاہل میں اپنی ماسکوا نامی وار شپ کے غرق ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ روس کی وزارت دفاع نے جمعے کی صبح ایک بیان میں کہا کہ یہ شپ ایسی حالت میں کہ جب اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی ہتھیاروں میں دھماکے کے باعث لگنے والی آگ سے جو اس کی باڈی تک پہنچ گئی تھی اپنا توازن کھو بیٹھی اور بحرالکاہل میں ڈوب گئی۔ روس کے سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ماسکوا نامی وار شپ کو جس پر روسی بحریہ کا پرچم نصب تھا، بحرالکاہل میں کافی نقصان پہنچا ہے اور شپ کا عملہ اس سے باہر نکل گیا ہے۔ جبکہ یوکرین کے حکام نے کہا ہے کہ ساحل پر تعینات اینٹی شپ گائیڈڈ میزائلوں نے ماسکوا وار شپ کو نشانہ بنایا ہے۔