Apr ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۱ Asia/Tehran
  • گوٹیرس کی پوتین سے ملاقات سے پہلے روس کا اہم بیان

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کی آج روس کے صدر سے ملاقات ہونے والی ہے تاہم اس سے پہلے روس کا سلامتی کونسل کے حوالے سے بڑا بیان سامنے آ یا ہے۔

یوکرین میں جاری روسی فوجی مہم کے درمیان اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیرس آج روس کے صدر ولادیمیر پوتین اور وزیرخارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کریں گے، جس میں یوکرین کے حالات کے سلسلے میں بات چیت ہوگی۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل روس کے صدر اور وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے بعد، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیوں کے ملازمین کے ساتھ یوکرین کے لوگوں کو انسانی مدد بڑھانے پر بات چیت کرنےکےلئے کیف جائیں گے۔

اینٹونیو گوٹیرس نے پچھلے ہفتے یوکرین میں ایسٹر تہوار کے موقع پر جمعرات سے اتوار تک 4 دن کےلئے جنگ روکنے کی اپیل کی تھی، تاکہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو نکالا جا سکے۔

در ایں اثناء روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکہ سمیت کئی مغربی ممالک، سلامتی کونسل کے استحقاق کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منتقل کر کے ویٹو پاور کی قدر کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جہاں وہ ہتھیار لہرا کر، بلیک میل کر کے دھمکیاں دے سکتے ہیں۔

 

ٹیگس