یوکرین اور روس کے عوام کی خاطر جنگ بند ہونی چاہیے : اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے روس اور یوکرین سے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹرس نے جمعرات کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ یوکرین اور روس کے عوام کی خاطر جنگ بند ہونی چاہیے اور ساتھ ہی پوری دنیا میں موت، تباہی اور نقل مکانی کا سلسلہ بھی ختم ہونا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ روس اور یوکرین کے صدور کے ساتھ تنازعہ کے خاتمے کے بارے میں بات کی اور ان سے جنگ بندی کی اپیل کی۔
دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ جب تک یوکرین جنگ میں مغربی ممالک کی مداخلت جاری رہے گی اس وقت تک جنگ کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مغرب یوکرین جنگ میں مداخلت کرتا رہے گا اس جنگ پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ امریکہ انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے روسی جرنلوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
پیسکوف کا کہنا تھا کہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ امریکہ، برطانیہ اور نیٹو مستقل طور پر یوکرین کی فوج کو انٹیلی جنس ڈیٹا اور دیگر پیرامیٹرز فراہم کررہے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ روس جو تھوڑی مدت میں اپنے خصوصی فوجی آپریشن کے اہداف حاصل کرسکتا تھا، اب اس میں تاخیر کا سامنا ہے۔