May ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۵ Asia/Tehran
  • الجزیرہ کی نامہ نگار کے قتل کی مذمت میں لندن و برسلز میں مظاہرے

الجزیرہ کی نامہ نگار شیریں ابو عاقلہ کے صیہونی فورسز کے ہاتھوں وحشیانہ قتل کی مذمت میں لندن اور برسلز میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا ہے۔

دو سو پچاس سے زائد انسانی حقوق کی تنظیموں اور گروہوں  نے ایک بیان جاری کر کے الجزیرہ کی نامہ نگار کو قتل کرنے کی بنا پر غاصب صیہونی حکومت کے خلاف تادیبی کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

معا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دو سو پچاس سے زائد انسانی حقوق کی تنظیموں اور گروہوں نے اس بیان میں الجزیرہ کی نامہ نگار شیریں ابوعاقلہ کو قتل کرنے کی بنا پر غاصب صیہونی حکومت کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الجزیرہ کی نامہ نگار شیریں ابو عاقلہ کو  ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل کیا گیا ہے۔ 

بیان میں اسی طرح کہا گیا ہے کہ یہ وحشیانہ جرم غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کو بے نقاب کرنے کے لئے فلسطینی نامہ نگاروں اور صحافیوں کی تحریک کی بنا پرانجام دیا گیا ہے اس لئے کہ نہایت ہی پیشہ ورانہ طریقے سے مقبوضہ فلسطینی کی خبروں کی حقیقت کو سامنے لایا جا رہا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی صحافی اور نامہ نگار اپنا یہ اہم فریضہ  ایسی حالت میں انجام دے رہے ہیں کہ مظلوم فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی اور اس کی جانب سے اپنائے جانے والے دوہرے معیار کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

یاد رہے کہ صیہونی  فوجیوں  نے بدھ کے روز غرب اردن کے جنین کیمپ میں اس وقت الجزیرہ کی رپورٹر کو گولی مارکر شہید کر دیا جب وہ صیہونیوں کے وحشیانہ حملے کی رپورٹنگ کر رہی تھیں ۔

ایران پریس کے مطابق، برطانیہ میں  صحافت میں سرگرم کارکنوں نے بھی  جمعرات کی شام لندن میں بی بی سی کے ہیڈ کوارٹر کے باہر مظاہرہ کرکے الجزیرہ کی رپورٹر کے قتل کی مذمت کی ۔ اسی طرح کا مظاہرہ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں بھی ہوا۔ برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈکوارٹر کے باہر یہ مظاہرہ کیا گیا۔

انسانی حقوق کے کارکنوں نے اس جرم کے ذمہ داروں کو فورا عدالت کے حوالے کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

ایران و قطر کے وزرائے خارجہ نے بھی تہران میں ہونے والی ملاقات میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں الجزیرہ کی نامہ نگار شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اس طرح کی ٹارگٹ کلنگ اور مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پراختیار کی جانے والی خاموشی اور اسی طرح انسانی حقوق کے مسئلے میں دوہرے معیار کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔

ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے اس طرح کے وحشیانہ اقدامات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت آزادی بیان کے خلاف ہے اور وہ مقبوضہ فلسطین میں اپنے جرائم کی پردہ پوشی کے لئے کسی بھی قسم کے جارحانہ اقدام سے بھی گریز نہیں کرتی ۔

دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے الجزیرہ کی نامہ نگار شیریں ابوعاقلہ کی شہادت پر ان کے اہل خانہ و لواحقین، فلسطین کی تحریک مزاحمت، عیسائی برادری اور صحافی برادری کو تعزیت پیش کی ۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے بدھ کے روز مغربی کنارے کی فلسطینی بستی جنین پر حملہ کیا تھا جس کی رپورٹنگ میں مصروف الجزیرہ کی فلسطینی رپورٹر شیریں ابو عاقلہ کو  گولی مارکر شہید کردیا گیا ۔ فلسطینی صحافیوں کی ایک تنظیم نے کہا ہے کہ اس قسم کے اقدامات کا مقصد صیہونی جرائم کی پردہ پوشی ہے۔

ٹیگس