شمالی کوریا میں کورونا سے ہلاکتیں
شمالی کوریا میں اب تک کورونا سے آٹھ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
جنوبی کوریا کی یونہاپ نیوز ایجنسی نے جنوبی کوریا کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب تک اس ملک میں کورونا کے اٹھارہ ہزار مریضوں کا اندراج کیا جاچکا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد آٹھ بتائی گئی ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع نے کورونا سے ایک موت کی تصدیق کی ہے اور بقیہ اموات کے لئے بتایا گیا ہے کہ بخار سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ دو سال پہلے دنیا میں کورونا پھیلنے کے بعد شمالی کوریا نے اپنی سرحدوں کی ناکہ بندی کردی تھی اور گزشتہ دو سال کے دوران وہاں سے کورونا کی خبر نہیں آئی تھی ۔
اب اچانک شمالی کوریا میں کورونا پھیلنے کی خبریں ایسے وقت باہر آئی ہیں جب جمعرات کو خبروں میں بتایا گیا کہ بخار میں مبتلا کچھ لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی پورے ملک میں شمالی کوریا کے لیڈر کیم جونگ اون کے فرمان پر ایمرجنسی لاک ڈاؤن کا اعلان بھی کردیا گیا۔ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا میں کورونا پھیلنے کے بعد ایک لاکھ ستاسی ہزار افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔