کورونا دور میں دواؤوں کی قلت پر شمالی کوریا کے رہنما کی تنقید
شمالی کوریا میں کورونا معاملات کے بعد اس ملک کے رہنما نے دواؤوں کی قلت اور اس کی غیر مناسب تقسیم پر کڑی تنقید کی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے لیبر پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں شمالی کوریا میں کورونا حالات میں دواؤوں کی قلت سے نمٹنے اور اس سلسلے میں صحیح منصوبہ بندی اور فوج سے مدد لئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے کورونا کے حالات میں ملک میں دواؤوں کی قلت اور اس کی غیر مناسب تقسیم پر کڑی تنقید بھی کی اور دواؤوں کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔
شمالی کوریا میں ایک ہفتے قبل کورونا کا معاملہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس ملک کے رہنما نے شہروں کو قرنطینہ کئے جانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ شمالی کوریا نے اتوار کے روز آٹھ کورونا اموات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجموعی طور پر اب تک پچاس کورونا اموات واقع ہو چکی ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد تین لاکھ بیانوے ہزار تک پہنچ گئی ہے۔