May ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۲:۴۲ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

امریکی صدر جو بائیڈن کا ایشیائی دورہ ختم کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل سے تین بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔

ارنا نے رائٹرز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جاپان نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے بدھ کے روز 2 میزائل داغے اور ممکنہ طور پر اس کی تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

در ایں اثناء جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے بتایا کہ پہلا میزائل بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے فائر کیا گیا، اس کے بعد دوسرا 37 منٹ بعد اور تیسرا پانچ منٹ بعد۔

شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے فوراً بعد جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر یون سک یول نے فوری طور پر قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا۔

واضح رہے کہ امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے شمالی کوریا نے اس سال ریکارڈ تعداد میں میزائل لانچ کیے جن کی تعداد 16 بتائی جاتی ہے۔ ان تجربات میں 2017 کے بعد بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کا سب سے بڑا تجربہ بھی شامل ہے۔

امریکی فوجی کمانڈ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے متعدد بیلسٹک میزائلوں کے تجربات سے آگاہ ہے اور اس کا جائزہ لے رہا ہے۔ 

ٹیگس