یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی پر انٹرپول کی تشویش
بین الاقوامی پولیس انٹرپول کے سربراہ نے یوکرین کو ہلکے و بھاری ہتھیار فراہم کئے جانے کے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہتھیار یورپ میں تباہ کاروں کے ہاتھوں میں پہنچ سکتے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی پولیس انٹرپول کے سربراہ یورگن اسٹارک نے یوکرین کو جنگی وسائل اور ہتھیار فراہم کرنے والے ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان ہتھیاروں کی نگرانی کریں ۔ انھوں نے کہا کہ یوکرین کی جنگ میں ہتھیاروں تک سب کی دسترسی جنگ کے بعد غیر قانونی ہتھیاروں کے مسائل و مشکلات میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
انھوں نے اسی طرح مجرموں کے ہاتھوں یورپ کی بلیک مارکیٹ میں ہتھیاروں کی منتقلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کے بلیک مارکیٹ میں ہتھیاروں کی قیمت اور زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کی جنگ شروع ہونے کے بعد مختلف یورپی ملکوں منجملہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نیز امریکہ نے یوکرین کو مختلف قسم کے جدید ترین ہتھیار فراہم کئے ہیں ۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بورل نے بھی گذشتہ مہینے گروپ سات کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں یوکرین کے لئے یورپی یونین کی پانچ سو بیس ملین ڈالر کے مالیت کی امداد کی منظوری کا اعلان کیا تھا ۔
امریکی ایوان نمائندگان نے بھی روس کے مقابلے میں یوکرین کی فوجی تقویت کے لئے چالیس ارب ڈالر کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔