دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد 700 تک پہنچ گئی
منکی پاکس 30 مئی تک دنیا کے 25 سے زائد ممالک میں پھیل چکا تھا اور اس کے 250 کیسز رپورٹ ہو چکے تھے مگر اب اس کے کیسز کی تعداد 700 تک جا پہنچی ہے، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ تاحال اس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس نے اپنی رپورٹ میں امریکی ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پروینشن (سی ڈی سی) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکہ سمیت دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد 700 ہو چکی۔
مذکورہ کیسز میں سے 21 کیس امریکہ میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ زیادہ تر کیسز یورپی ممالک برطانیہ، اسپین اور اٹلی سمیت دیگر ممالک میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہندوستان میں بھی منکی پاکس کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ منکی پاکس ابتدائی طور پر بندروں میں پائی جانی والی بیماری تھی جو 1970 کے بعد افریقہ کے مغربی حصے میں پھیلی اور کئی دہائیوں تک وہیں پھیلتی رہی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ 1970 میں وسطی افریقہ میں سامنے آنے والی جلد کی بیماری کے کیسز امریکا اور یورپ جیسے خطوں میں بھی سامنے آئے ہیں، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر پھیلنی والی منکی پاکس تبدیل شدہ ہوگی ۔
تاہم اب ماہرین صحت نے کہا ہے کہ اب تک کے شواہد سے اس بات کے ثبوت نہیں ملے کہ امریکہ سے یورپ تک پھیلنے والی بیماری منکی پاکس تبدیل شدہ ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ منکی پاکس کا مرض کورونا یا اس طرح کی دیگر وباؤں کی طرح تیزی سے نہیں پھیلتا، منکی پاکس صرف قریبی تعلقات اور خصوصی طور پر جسمانی تعلقات سے ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتا ہے۔