Jul ۰۴, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • برفانی تودے گرنے سے کئی ہلاک و زخمی

اٹلی میں گلیشیئر کے ٹکڑے گرنے کے باعث سات افراد کی موت ہو گئی۔

آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق اٹلی کے شمال مشرقی علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں مارمولادا نامی پہاڑ پر سے برفانی تودے کے گرنے سے سات افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

امدادی ٹیموں کے مطابق گلیشیئر کا ایک بڑا ٹکڑا ٹوٹ کر علاقے میں موجود کوہ پیماؤں سے جا ٹکرایا۔ اس سے قبل خبروں میں پانچ افراد کے مرنے کی تصدیق کی گئی تھی جو اب بڑھ کر سات تک پہنچ گئی ہے۔

ابھی تک اس برفانی تودے کے ٹوٹ کر گرنے کی وجہ واضح نہیں ہو پائی ہے۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ پندرہ افراد برفانی تودے کی زد میں آئے جن میں سے سات کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ باقی افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

دنیا میں رونما ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ نے دنیا کے ایکو سسٹم کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے جس کے باعث کرہ خاکی پر موجود قدرتی برفانی ذخائر بھی اب تیزی سے پگھلنے لگے ہیں جس نے جہاں ایک طرف سائنسدانوں کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے وہیں دنیا کے لئے بھی بڑے چیلنج کھڑے کر دئے ہیں۔

ٹیگس