کیف کے ساتھ مذاکرات کے دروازے اب بھی کھلے ہیں، ماسکو کا اعلان
روس نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو نے کیف کے ساتھ مذاکرات کے دروازے اب بھی کھلے رکھے ہیں۔
ماسکو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق روسی ایوان صدر قصر کریملن کے ترجمان دیمتری پسکوف نے کہا ہے کہ نہ روس کے صدر ولادیمیر پوتین اور نہ ہی وزیر خارجہ ، کسی نے بھی یہ نہیں کہا ہے کہ یوکرین سے مذاکرات کے دروازے بند ہوچکے ہیں۔
انھوں نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات بے معنی ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ ماسکو اور کیف کے درمیان بیلا روس میں ہونے والے امن مذاکرات کے پہلے دور میں بھی یہ بات عیاں تھی کی یوکرین مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے اپنے حالیہ دورہ تہران میں کہا ہے کہ کیف کے حکام نے دو طرفہ سمجھوتوں پر عمل درآمد سے گریز کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات اس وقت نتیجہ بخش ہوتے ہیں جب دونوں فریقوں میں سمجھوتوں کی پابندی کا ارادہ پایا جائے اور کیف کے حکام میں یہ ارادہ نظر نہیں آتا۔