چین نے اپنی دھمکی پر عمل کر دیا
چین نے تائیوان کے گرد 6 مقامات پر لائیو فائر سمیت فضائی اور بحری مشقیں شروع کر دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی تائیوان کے گرد فوجی مشقیں اتوار تک جاری رہیں گی۔
چینی فوج کا کہنا ہے کہ اُس نے آبنائے تائیوان کے مشرقی حصے کے مخصوص علاقوں میں لائیو اسٹرائیک مشقیں شروع کی ہیں۔ چین نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر کی ایئرلائنز تائیوان کے اطراف خطرناک زون سے دور رہیں۔
چین نے تائیوان کے ارد گرد 6 فضائی علاقوں کو خطرناک زون قرار دیا ہے جس میں 4 سے 12 اگست تک بین الاقوامی پروازیں بند کردی ہیں۔
واضح رہے کہ چین کی جانب سے غیر معمولی فوجی مشقیں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورۂ تائیوان کے بعد شروع ہوئی ہیں۔ اس متنازع دورے پر چین کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے جب کہ چین نے امریکی سفیر کو طلب کرکے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔
چین نے نینسی پلوسی کے دورے سے قبل متنبہ کیا تھا کہ اگر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکرنینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو فوج کو متحرک کردے گا۔ ترجمان چینی دفتر خارجہ کے مطابق نینسی پلوسی کا دورۂ تائیوان چین کی خودمختاری اور آزادی کو چیلنج کرنا اور آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
دوسری جانب تائیوان نے چینی فوجی مشقوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔