یوکرین میں 80 غیرملکی جنگجو اور 470 یوکرینی فوجی ہلاک
روس کا کہنا ہے کہ یوکرین میں غیر ملکی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
روس نے یوکرین میں فضائی حملوں کے دوران درجنوں غیرملکی جنگجوؤں اور یوکرینی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق، جنوب مشرقی یوکرین میں فضائی حملوں میں 80 سے زائد غیرملکی جنگجو اور 470 یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے۔ روسی وزیر دفاع نے انکشاف کیا کہ بہت سے غیرملکی جنگجو نامناسب تربیت اور جنگی تجربہ نہ رکھنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔
اپریل میں روسی فوج نے اندازہ لگایا تھا کہ یوکرین میں 7000غیرملکی فوجی موجود ہیں تاہم اب ان کی تعداد 3000 سے بھی کم رہ گئی ہے۔
ادھر روس اور یوکرین کی جنگ کے تناظر میں ترک صدر طیب اردوغان اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری بار اہم ملاقات ہوئی، یہ ملاقات بحیرۂ اسود کے ساحل پر واقع روس کے سیاحتی شہر سوچی میں ہوئی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، روس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی اورعالمی چیلنجز کے باوجود باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے سمیت اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا اور شام میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ کے عزم کا اعادہ کیا۔
خیال رہے کہ ترکی کی ثالثی میں گزشتہ ماہ استنبول میں یوکرین، روس اور اقوام متحدہ نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت بحیرۂ اسود کی بندرگاہوں کے ذریعے یوکرین سے اناج کی برآمدات بحال ہوئی تھی۔