یوکرین میں روس کے ہاتھوں جدید ترین امریکی ہتھیار HIMARS کی تباہی
یوکرین میں روس کے ہاتھوں جدید ترین امریکی ہتھیاروں کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔
روس نے کہا ہے کہ یوکرین میں امریکہ کا فراہم کردہ جدید میزائل سسٹم کو تباہ کردیا گیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی فوج نے مشرقی اور جنوبی یوکرین میں 19 امریکی ساختہ ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم میزائل (HIMARS) میزائل مار گرائے ہیں۔
روسی فوج نے یوکرین کے علاقے کراماتورسک کے نزدیک ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم گاڑیوں کو بھی تباہ کیا ہے۔
روس کی جانب سے امریکہ کے فراہم کردہ جدید میزائل سسٹم کو تباہ کئے جانے سے دو روو قبل روس نے یوکرین میں فضائی حملوں کے دوران درجنوں غیرملکی جنگجوؤں اور یوکرینی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا اعلان کیا تھا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق جنوب مشرقی یوکرین میں فضائی حملوں میں 80 سے زائد غیرملکی جنگجو اور 470 یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے۔ روسی وزیر دفاع نے انکشاف کیا کہ بہت سے غیرملکی جنگجو نامناسب تربیت اور جنگی تجربہ نہ رکھنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔
اپریل میں روسی فوج نے اندازہ لگایا تھا کہ یوکرین میں 7000 غیرملکی فوجی موجود ہیں تاہم اب ان کی تعداد 3000 سے بھی کم رہ گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور یورپی ممالک یوکرین کو روس کے خلاف جنگ لڑنے کیلئے جدید ترین ہتھیار اور اربوں ڈالر فراہم کر رہے ہیں۔