Aug ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۵ Asia/Tehran
  • روسی حملوں کا خوف، یوکرین کی یوم آزادی کی تقریبات منسوخ

روسی حملوں کے خوف سے یوکرین کے صدر نے روس سے آزادی کی سالگرہ کی تقریباب منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق روسی صحافی داریا دوگنیا کے قتل کے بارے میں روس اور یوکرین کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات سے پیدا ہونے والی کشیدگی میں شدت کے بعد کیف حکومت نے ملک کے یوم آزادی کی تقریبات ملتوی کردی ہیں۔
یوکرین کا دعوی ہے کہ روس نے یورپ کے سب سے بڑے ایٹمی بجلی گھر زاپوریژیا کے قریب واقع کئی شہروں پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمر زیلنسکی اس سے پہلے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر شدید ترین روسی حملوں کی بابت خبردار کرچکے ہیں۔
روس سے یوکرین کی آزادی کی سالگرہ بدھ چوبیس اگست کو منائی جائے گی۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوتین نے مقتول صحافی داریا دوگین کے اہل خانہ کے نام ایک تعزیتی پیغام ارسال کرکے ان کے قتل کو انتہائی گھناؤنا جرم قرار دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ روسی صحافی داریا دوگین دارالحکومت ماسکو کے نواحی علاقے میں ہونے والے مشکوک بم دھماکے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔
حکومت برطانیہ نے جولائی کے مہینے میں داریا دوگین کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا تھا۔
اس سے پہلے ان کے والد الیگزینڈر دوگین کو دوہزار چودہ پندرہ میں، یورپی یونین، امریکہ اور کینیڈا کی جانب سے بلیک لسٹ کیا جا چکا ہے۔
دوگین فیملی کے قریبی سمجھے جانے والے سوشل میڈیا صحافی آندرے کراسنوف نے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ در اصل الیگزینڈر دوگین کو قتل کی سازش تھی تاہم ان کی بیٹی اس کی زد میں آگئی ۔ انہوں نے کہا کہ جس کا گاڑی کو نشانہ بنایا گیا وہ مسٹر دوگین تھی اور پروگرام کے مطابق وہ اس گاڑی ذریعے نواحی ماسکو میں کہیں جانا چاہتے تھے۔
معروف روسی فلسفی اور نظریہ پرداز الیگزینڈر دوگین کا شمار روسی صدر کے اہم ترین مشیروں میں ہوتا ہے۔
الیگزینڈر دوگین کی گاڑی میں اتوار کے روز ماسکو کی ایک شاہراہ پر سفر کے دوران دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں اس میں سوار ان کی اکلوتی بیٹی داریا ہلاک ہوگئی تھی۔

ٹیگس