سردی کا موسم آنے سے یوکرین کے صدر کی پریشانی بڑھی
یوکرین کے صدر نے کہا ہے کہ اس سال ہمیں یوکرین کی تاریخ کی بدترین سردی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سحر نیوز/ دنیا: یوکرین کے صدر ویلودمیر زیلینسکی نے اپنی ایک تقریر میں گیس کی صورتحال کو یوکرین کے عوام کے لیے انتہائی تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کا بحران انتہائی پیچیدہ مرحلے پر پہنچ چکا ہے۔
زیلینسکی نے کہا کہ یورپ میں گیس کی قیمت اب فی ہزار مکعب میٹر 3,300 ڈالر سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یوکرین کے عوام کو یقین دلایا کہ ملک کے حکام آنے والے سردیوں کے موسم میں اس مسئلے سے مناسب طریقے سے نمٹنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
تاہم اس سے قبل بھی یوکرینی حکام توانائی کے بحران کے بارے میں خبردار کر چکے ہیں۔ دوسری جانب کیف کے میئر نے دارالحکومت میں بجلی کی بندش کی بات کہی ہے۔
یاد رہے کہ مغربی ممالک روس کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد آنے والے موسم سرما کے لیے خود کو تیار کر رہے ہیں کیونکہ وہ پہلے ہی گیس کے لیے روس پر انحصار کر رہے ہیں اور روس نے ان کے لیے گیس کی سپلائی میں کمی کر دی ہے۔
یورپی ممالک کا خیال ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اس وقت ان کے خلاف گیس کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔