ایشیا کپ میں افغانستان کا دھماکہ، سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کو بھی شکست
ایشیا کپ 2022 میں بڑا پھیر بدل ہو رہا ہے اور افغانستان نے سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کو بھی شکست دے دی، افغان ٹیم نے ہدف 18ویں اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگا کر حاصل کیا۔
سحر نیوز/ کھیل: نائب کپتان نجیب اللہ زدران نے 43 اور ابراہیم زدران نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، بنگلہ دیشی ٹیم افغان ٹیم کے صرف تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر سکی۔ حضرت اللہ زازئی 23 رنز، رحمان اللہ گربز 11 رنز اور کپتان محمد نبی نے 8 رنز اسکور کیے۔
افغانستان نے گروپ کے دونوں میچ جیت کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اس سے قبل، بنگلہ دیش ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور 28 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اسکے بعد پانچویں وکٹ 53 رنز، چھٹی وکٹ 89 رنز اور ساتویں وکٹ 127 رنز گری۔
اوپنر محمد نعیم 6، انعام الحق 5، کپتان شکیب الحسن 11، مشفق الرحیم ایک رن، عفیف حسین 12، محمود اللہ 25 اور مہدی حسن 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور راشد خان نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے ابتدائی میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں شکست دی تھی۔