Aug ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۶ Asia/Tehran
  • ایشیا کپ 2022، افغانستان نے سری لنکا کو ہرایا، طالبان نے دی مبارکباد

ایشیا کپ 2022 کرکٹ کے ایک میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا کر سب کو حیران کردیا جبکہ طالبان نے اپنی ٹیم کو اس جیت کی مبارکباد پیش کی۔

 ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر کھاتہ کھول دیا۔ دبئی میں جاری میچ میں افغانستان کی دعوت پر سری لنکا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.4 اوورز میں 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور افغانستان کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا۔

افغانستان کے بولرز کے سامنے سری لنکن بلے باز بے بس نظر آئے اور صرف 3 بیٹسمین ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔ بھنوکا راجاپکسا 38، چمیکا کرونارتنے 31 اور دنوشکا گُناتھیلاکا 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے 3، مجیب الرحمان اور محمد نبی نے 2،2 اور نوین الحق نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کو اچھی اوپننگ ملی اور 83 کے مجموعی اسکور پر رحمان اللہ گرباز 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر 103 کے مجموعی اسکور پر ابراہیم زردان 15 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ حضرت اللہ زازئی 40 اور نجیب اللہ زردان 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان نے مقررہ ہدف 10.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

ایشیا کپ 2022ء کے پہلے ہی میچ میں  سری لنکا کو شکست دینے پر طالبان نے افغان ٹیم کو مبارکباد دی۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا جس میں تحریر کیا کہ افغان کھلاڑیوں کو سری لنکا کے خلاف کامیابی مبارک ہوا، انہوں نے ملک کے لیے اعزاز حاصل کیا ہے۔

ایشیا کپ 2022 کے دوسرے میچ میں آج روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں ہیں۔

اس سے قبل ایشیا کپ میں پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں 13 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جہاں ہندوستان نے 7 جبکہ پاکستان نے 5 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

ٹیگس