Sep ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
  • برکس تنظیم مشترکہ ڈیجیٹل زرمبادلہ متعارف کروا رہی ہے

برکس تنظیم، تجارتی لین دین کے لئے ایک مشترکہ ڈیجیٹل زرمبادلہ پر غور کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ کی جانب سے اس مشترکہ ڈیجیٹل کرنسی کو متعارف کرنے کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ابتدائی تجویز روس کی سرمایہ کاری کے قومی فنڈ آر ڈی آئی ایف کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔

آر ڈی آئی ایف کے سربراہ کریل دیمیتری اف نے بتایا ہے کہ رکن ممالک کے ساتھ اس سلسلے کی ابتدائی گفتگو کی جا چکی ہے اور تفصیلات پر بات  ہورہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس مالیاتی سسٹم کے نافذ ہوجانے کے بعد رکن ممالک کے مابین لین دین میں آسانی پیدا ہوجائے گی اور پابندیوں اور اس کے ممکنہ خطروں سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

دیمیتری اف نے کہا کہ ایک مشترکہ مالی نظام ان ممالک کے زرمبادلہ کے ذریعے تجارت کا مناسب ماحول فراہم کرے گا جس سے مستحکم اقتصادی ترقی اور غیرملکی سرمایہ کاری کی ضمانت بھی فراہم ہوگی۔

برکس کے رکن ممالک بالخصوص ہندوستان اور چین نے اس منصوبے کے علاوہ صنعتی شعبے میں مصنوعی ذہانت پر مبنی مشترکہ مواصلاتی نظام تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ڈیجیٹل کرنسی کی افادیت کے پیش نظر یورپی یونین کے رکن ممالک بھی مشترکہ ڈیجیٹل زرمبادلہ کا نظام قائم کرنے والے ہیں۔

ٹیگس