انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران ہنگامہ آرائی، 317 افراد ہلاک و زخمی
انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 317 افراد ہلاک و زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام:غیرملکی میڈیا کے مطابق ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 129 افراد ہلاک جب کہ 188 سے زائد شائقین زخمی بھی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
کنجوروہن اسٹیڈیم جاوا میں ہونے والے لیگ میچ میں اریما ایف سی کو پرسیبا سورابایا نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تو اریما ایف سے کے سپورٹر نے مشتعل ہوکر گراؤنڈ میں ہنگامہ آرائی شروع کردی۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ میں سپورٹرز کے آپس میں جھگڑے کے بعد پولیس نے پرہجوم اسٹینڈز میں آنسو گیس کے شیل پھینکے اور فائرنگ کی تو بھگدڑ مچ گئی۔
انڈونیشیا کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کی موت سانس گھٹنے اور بھگدڑ مچنے کی وجہ سے ہوئی۔
لیگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد نے اریما کلب کے کئی کھلاڑیوں پر بھی حملہ کیا، تمام کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے باہر منتقل کردیا گیا۔
انڈونیشین فٹبال لیگ کے صدر احمد ہادیان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتے کے لیے تمام میچز معطل کردیے ہیں۔
بھگدڑ کے دوران اسٹیڈیم کے اندر سے لی گئی تصاویر میں بڑی مقدار میں آنسو گیس اور لوگ باڑ پر چڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ لوگ افراتفری کے دوران زخمی تماشائیوں کو اسپتال لے جا رہے تھے۔