Oct ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر امریکہ پریشان

امریکہ نے شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کی ہے۔

امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن کی جانب سے وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان میں شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربے کو انتہائی خطرناک اقدام قرار دیا گیا ہے۔ 
ایڈرین واٹسن نے دعوی کیا ہے کہ عدم استحکام پھیلانے والے اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ شمالی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں اور سلامتی کے بین الاقوامی ضابطوں کی کوئی پرواہ نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فوج کی ریجنل کمانڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ خطے میں تعینات امریکی افواج کے لیے خطرے کا سبب نہیں تھا۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے بحیرہ جاپان میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ 
کہا جا رہا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل ، جاپانی فضائی حدود سے گزرنے کے بعد ، بحرالکاہل میں جاپان کے خصوصی اقتصادی زون کے باہر گرا ہے۔ 
ایک جاپانی عہدیدار نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائل نے ایک ہزار کلو میٹر کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے، تقریبا چار ہزار چھے سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا ہے۔

ٹیگس