Nov ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۵ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کا ایک میزائل تجربہ، گزشتہ روز بھی 17 میزائل داغے گئے تھے

شمالی کوریا نے آج مسلسل دوسرے دن بھی جاپان کی طرف بلیسٹک میزائل داغے ہیں۔ گزشتہ روز شمالی کوریا نے جاپان اور جنوبی کوریا کی جانب 17 میزائل اور 100 آرٹلری گولے فائر کئے تھے۔

سحرنیوز/دنیا: جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف سٹاف نے جمعرات کی صبح بحیرہ جاپان میں ایک نامعلوم بلیسٹک میزائل فائر ہونے کی خبر دی ہے۔ 

سیول کے مطابق یہ ایک میڈیم رینج یا بین البراعظمی میزائل تھا کیونکہ اس ٹیسٹ میں راکٹ کے مختلف حصوں کے ایک دوسرے سے علیحدہ ہونے کے عمل کو راڈاورں کی مدد سے معلوم کیا گیا ہے۔

جاپان کے مختلف علاقوں میں اس میزائل کے ٹیسٹ کے وجہ سے خطرے کے سائرن بجائے گئے اور لوگوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت بھی دی گئی۔ جاپانی ذرائع کے مطابق یہ میزائل جاپان کے اوپر سے گزرتا ہوا بحر اوقیانوس میں جا گرا۔

یہ جاپان کے اوپر سے گزرنے والا چوتھا اور مرکزی جزیرے ہونشو کے اوپر سے گزرنے والا پہلا میزائل ہے۔ پہلے دو میزائل 2017ء میں اور تیسرا گزشتہ ماہ جاپان کی ہوائی حدود کے اوپر سے گزرا تھا۔

شمالی کوریا کا دو روز میں فائر ہونے والا یہ اٹھارہواں میزائل ہے۔ گزشتہ روز شمالی کوریا نے بحیرہ جاپان کی طرف 17 میزائل اور 100 آرٹلری کے گولے فائر کئے تھے۔

یاد رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکا کی ہوائی مشقیں بھی جاری ہیں جس میں 240 سے زیادہ جنگی طیارے حصہ لے رہے ہیں اور جنہیں اس خطے کی سب سے بڑی ہوائی مشق قرار دیا جا رہا ہے جس میں امریکہ اور جنوبی کوریا، شمالی کوریا پر حملہ کرنے کی مشقیں کر رہے ہیں۔

مشقیں شروع ہونے کے بعد شمالی کوریا نے میزائلوں کے بہت زیادہ تجربات کرنے کے علاوہ مختلف ہتھیاروں کے گولے فائر کرنے کی مشقیں شروع کر دی ہیں۔

ٹیگس