انتخابات کے نتائج سے روس امریکہ تعلقات بہتر نہیں ہوں گے، ترجمان روسی صدر
روس نے وسط مدتی انتخابات میں مداخلت کے امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی الیکشن کے نتائج سے ماسکو واشنگٹن تعلقات میں بہتری آنے والی نہیں ہے ۔
قصر کریملن کےترجمان دیمتری پیسکوف نے بدھ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کانگریس کے انتخابات اہم ضرور ہیں مگر ہمارے تعلقات اور موقف پر اس کے فوری اور مختصرعرصے میں کوئی خاص تبدیلی آنے والی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب ہیں اور خراب ہی رہیں گے۔
دیمتری پیسکوف نے امریکی انتخابات میں مداخلت کے دعوؤں کے بارے میں کہا کہ یہ باتیں سن سن کر ہمارے کان پک گئے ہیں لہذا ہم نے ان پر توجہ دینا چھوڑ دیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکی کانگریس کے مڈ ٹرم انتخابات میں ری پبلکن پارٹی ایوان نمائندگان میں ایک سو اٹھانوے نشستوں کے ساتھ ڈیموکریٹ پارٹی سے آگے ہے جسے ایک سو تہتر نشستیں ملی ہیں۔
سینٹ کے انتخابات میں ڈیموکریٹ کو اڑتالیس اور ری پبلکن کو سینتالیس نشتیں ملی ہیں۔