یوکرین ڈرٹی بم استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، روس کا الزام
روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنگ کے مختلف محاذوں پر ساڑھے تین سو یوکرین فوجیوں کو ہلاک اور امریکہ کے فراہم کردہ ہمارس میزائلوں کے ایک گودام کو تباہ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکا میں روسی سفیر نے یوکرین کی جانب کسی بھی اشتعال انگیز اقدام کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کی جاری کردہ تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوگانسک کے کوبیانسک سیکٹر پر ہونے والی لڑائی میں ساٹھ جبکہ شمالی دونیسک سیکٹر پر سو اور جنوبی دونیسک سیکٹر پراسی یوکرین فوجیوں کو ہلاک کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں درجنوں غیر ملکی ایجنٹ بھی شامل ہیں جن کا تعلق امریکہ، برطانیہ اور پولینڈ سے بتایا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی فوج نے خرسون سیکٹر پر یوکرینی فوج کی بارہ تخریبی اور جاسوسی کارروائیوں کو ناکام اور کم سے کم ایک سو دس یوکرینی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
روسی فوج نے نیکولائف، خرسون اور خارکیف میں یوکرینی فوج کے چھے ہیلی کاپٹروں کو بھی مار گرانے کا اعلان کیا ہے جن میں ایک ایم ایٹ ہیلی کاپٹر بھی شامل ہے۔
دوسری جانب امریکہ میں روسی سفیر اناتولی آنتونوف نے ایک بار پھر خـبردار کیا ہے کہ حکومت یوکرین ڈرٹی بم کے استعمال یا کسی ایٹمی سانحے جیسے خطرناک اور اشتعال انگیز اقدام کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ روسی سفارت خانے کے سرکاری ٹیلیگرام ہینڈل پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ہمیں ایک تابکاری سانحے کی دھمکی کا سامنا ہے اور حکومت یوکرین کسی اشتعال انگیز اقدام کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس میں ڈرٹی بم کا دھماکہ بھی ہوسکتا ہے۔
امریکہ میں متعین روسی سفیرکے مطابق یوکرین کے پاس ڈرٹی بم بنانے کے لیے لازمی فنی اور عملی سہولتیں، یورنیم دو سو پینتس اور پلاٹینیم دو سو انتالیس کی کافی مقدار موجود ہے ۔
واشنگٹن میں روسی سفیر کا کہنا ہے کہ یوکرین میں ڈرٹی بم بنانے کام میں آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈرٹی بم تابکاری مواد کے حامل ایسے میزائل کو کہا جاتا ہے جو غیر ایٹمی دھماکے کے ذریعے کئی ہزار مربع کلومیٹر رقبے میں ایٹمی تابکاری پھیلاتا ہے جس کے اثرات تیس سے پچاس سال تک علاقے میں باقی رہتے ہیں۔
روسی سفیر سے پہلے بعض نامعلوم مگر معتبر ذرائع نے دعوی کیا تھا کہ حکومت یوکرین ڈرٹی بم کا دھماکہ کرکے روس پر جنگ یوکرین کے دوران ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام عائد کرنے کے منصوبہ بنا رہی ہے۔