Dec ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • فیفا ورلڈ کپ؛ کروشیا اور ارجنٹینا کی حیرت انگیز جیت، دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں

فیفا ورلڈ کپ کے دو کوارٹر فائنلوں کا فیصلہ ہو گیا ہے جن میں کروشیا برازیل کی مضبوط اور معروف ٹیم کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچی جبکہ ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے نیدرلینڈ کو شکست دی۔

سحر نیوز/اسپورٹس: قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں غیر متوقع اور حیرت انگیز نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی ایک ایسا نتیجہ سامنے آیا جس نے سبھی کو حیرت زدہ کر دیا۔

جمعے کے روز پہلا کوارٹر فائنل الریان کے ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کروشیا کا سخت اور سنسنی خیر مقابلہ معروف ٹیم برازیل سے ہوا۔ اس دلچسپ میچ میں برازیل کروشیا کے خلاف پینلٹی شوٹ آؤٹ میں ناکام ہو کر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ کروشیا نے سابق چمپیئن برازیل کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں چار دو سے حیران کن شکست دی اور یوں مسلسل دوسری مرتبہ اس نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

کوارٹر فائنل کا دوسرا میچ ارجنٹینا اور نیدرلینڈ کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے اپنی حریف ٹیموں کو شکست دینے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا تاہم دونوں ہی ٹیمیں میچ کے ایک سو بیس منٹ تک ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے میں ناکام رہیں اور میچ دو دو گول سے برابر رہا جس کے بعد پینلٹی ککس کا فیصلہ کیاگیا۔

ارجنٹینا نے سخت اور حساس مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو پینلٹی ککس میں چار تین سے شکست دے دی۔

ان دونوں میچوں کے بعد اب پہلا سیمی فائنل منگل کے روز ارجنٹینا اور کروشیا کے مابین کھیلا جائے گا۔

تیسرے اور چوتھے کوارٹر فائنل میں آج بھی چار ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ انگلینڈ کا مقابلہ فرانس جبکہ مراکش کا پرتگال سے ہوگا۔

ٹیگس