Dec ۱۱, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۰ Asia/Tehran
  • فیفا ورلڈ کپ کی قطار سیمی فائنل کو پہنچی، مراکش کی جیت سے سبھی حیران، فلسطین خوش

فیفا ورلڈ کپ بیس بائس کی قطار اب سیمی فائنل تک پہنچ گئی اور ہفتے کو کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے کوارٹر فائنل کے بعد دوسرے سیمی فائنل کے لئے بھی ٹیموں کا تعین ہو گیا۔

سحرنیوز/اسپورٹس: شاید یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اس بار کا فٹبال ورلڈ کپ شائقین کو مدتوں یاد رہے گا اور وہ اسے آسانی سے بھول نہیں پائیں گے۔

غیر متوقع اور حیران کن نتائج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور مراکش نے بڑے ہی حیرت انگیز انداز میں فٹبال کی دنیا میں اپنا ایک مقام رکھنے والی پرتگال کی معروف ٹیم کو شکست دے کر فٹبال کے سبھی شائقین کو انگشت بدنداں کر دیا۔

الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مراکش اور پرتگال کے درمیان کانٹے کا مقابلہ شروع ہوا جس میں بیالیسیوں منٹ پر جاکر پرتگالی ٹیم کو ایسا جھٹکا لگا کہ پھر وہ میچ کے آخر تک اُس سے ابھر نہیں پائی۔ مراکشی کھلاڑی یوسف النصیری نے دو میٹر اٹھہتر سینٹی میٹر اونچی چھلانک لگاتے ہوئے اپنے ہیڈ شاٹ کے ذریعے شاندار گول کیا اور یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

مراکش کی سنسنی خیز کامیابی سے جہاں شکست خوردہ ٹیم پرتگال کے سپر اسٹال رونالڈو کے آنسو نکل آئے وہیں دنیا بھر میں بہت سے مسلمان شائقین منجملہ فلسطینیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو اتر آئے۔ فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینی کاز کی حامی مراکشی ٹیم کی کامیابی پر زبردست خوشی منائی گئی۔ مراکشی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران اپنی ہر کامیابی کے جشن میں فلسطین کو بھی یاد رکھا اور اپنے قومی پرچم کے ساتھ ساتھ فلسطینی پرچم بھی خوب لہرایا۔

مراکش سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی پہلی افریقی اور مسلمان ٹیم بن گئی ہے۔

اُدھر دوسرے سنسنی خیز میچ میں فرانس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوا جس میں فرانس کی ٹیم دو ایک سے اپنے حریف کو شکست دینے میں کامیاب رہی۔

اس نتیجے کے بعد دوسرے سیمی فائنل کی ٹیموں کا بھی تعین ہو گیا جو بدھ کے روز فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پہلا سیمی فائنل منگل کے روز ہوگا جس میں ارجینٹینا اور کروشیا کی ٹیمیں ایک دوسرے کا مقابلہ کرنے کے لئے میدان میں اتریں گی۔

 

ٹیگس