Dec ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • قطر ورلڈ کپ؛ ٹرافی گھر کون لے جائے گا؟

آرجنٹینا اور فرانس کی ٹیموں نے ورلڈ کپ دو ہزار بائیس کے فائنلز میں جیتنے اور ٹرافی گھر لے جانے کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: فیفا دو ہزار بائیس ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے کے لئے آرجنٹینا اور فرانس اٹھارہ دسمبر بروز اتوار لوسیل اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گے۔
یہ مقابلہ مقامی وقت کے مطابق، چھے بجے شام کو شروع ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ آرجنٹینا اور فرانس کی ٹیمیں اب تک دو دو بار ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوچکی ہیں۔
آرجنٹینا کی ٹیم نے انیس سو اٹھتر اور انیس سو چھیاسی میں ٹرافی جیتی تھی اور انیس سو تیس، انیس سو نوے اور دو ہزار چودہ میں رنراپ کی حیثیت سے مقابلوں سے گھر لوٹی تھی۔
دوسری جانب فرانس ہے جس نے ورلڈ کپ ٹرافی پر انیس سو اٹھانوے اور دو ہزار اٹھارہ میں قبضہ کیا تھا۔ دو ہزار چھے میں دوسری پوزیشن اور انیس سو اٹھاون اور انیس سو چھیاسی میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ بتانا ضروری ہے کہ ہفتے کے روز سترہ دسمبر کو کروشیا اور مراکش تیسری پوزیشن کے لئے  میدان میں اتریں گے۔
یہ مقابلہ الریان میں واقع خلیفہ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ قطر نے ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کے لئے دوحہ، لوسیل، الخور، الریان اور الوکرہ کے شہروں میں آٹھ اسٹیڈیم تیار کئے تھے۔
یاد رہے کہ یہ وہ آخری ورلڈ کپ ہے جس میں ٹیموں کی تعداد بتیس تک محدود ہے۔

ٹیگس