Dec ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  •  لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی سے افغانستان کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا: اینٹونیو گوتریش

طالبان انتظامیہ کی جانب سے لڑکیوں کی اعلی تعلیم پر پابندی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے بتایا ہے کہ اینٹونیو گوتریش نے طالبان کے اس فیصلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تعلیمی مواقع تک تمام افغان شہریوں کی دسترسی کی ضمانت فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔ 

سٹیفن دوجاریک کے مطابق، سیکریٹری جنرل نے کہا ہےکہ لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم سے محروم رکھنا نہ صرف حقوق نسواں کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس کے تباہ کن اثرات افغانستان کے مستقبل پر بھی پڑیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ طالبان انتظامیہ کی وزارت اعلی تعلیم نے اپنے تازہ ترین فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے طالبات کو اگلی اطلاع تک یونیورسٹیوں میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ طالبان حکومت کی ایک نشست کے بعد کیا گیا ہے۔ طالبان انتظامیہ کے اس اقدام کو خواتین اور لڑکیوں کے حقوق پر ایک اور وار قرار دیا جا رہا ہے۔ 

یاد رہے کہ صرف تین ماہ قبل پورے افغانستان میں ہزاروں لڑکیوں نے یونیورسٹیوں کے داخلے کے مرکزی امتحان میں شرکت اور اپنے اور افغانستان کے مستقبل کو روشن بنانے کی پلاننگ کی تھی تاہم اس فیصلے کے نتیجے میں ان کی تمام آرزوؤں پر پانی پھر گیا ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ اس سے قبل طالبان انتظامیہ نے طالبات کی ہائی اسکول کی تعلیم پر بھی پابندی عائد کردی تھی اور یونیورسٹیوں میں طالبات کی نشستوں کی تعداد کو بھی محدود کردیا تھا۔

ٹیگس