Dec ۳۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا نے سال کے آخری دن امریکہ کو کیا پیغام دیا

شمالی کوریا نے 2022 کے آخری دن آج مزید میزائلی تجربے کر کے امریکہ کو پیغام دیا کہ وہ کبھی بھی شمالی کوریا کو دھمکی دینے کی کوشش نہ کرے۔

سحر نیوز/دنیا: شمالی کوریا نے جاپان کی ساحلی حدود میں کم فاصلے تک مار کرنے والے ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے 3 بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ جنوبی کوریا کے فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے جنوب سے میزائل فائر ہوا ہے۔

فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے مسلسل میزائل تجربات کے بعد انہوں نے اپنے سرحدی علاقوں کی نگرانی کو بڑھا دیا ہے جبکہ امریکہ کے ساتھ مشقیں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب جاپان کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کے مشتبہ بیلسٹک میزائل مشرقی ساحل کی طرف پانی میں گرے۔جاپان کی وزارت دفاع کے مطابق  داغے گئے میزائلوں نے تقریباً 100 کلومیٹر کی بلندی تک پرواز کی اور 350 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

شمالی کوریا اس سے پہلے بھی متعدد بار امریکہ کی جانب سے کسی بھی قسم کے عسکری اقدام کے بارے میں خبردار کرچکا ہے۔ پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا نے اس کے خلاف طاقت کے استعمال کی کوشش کی تو اس کا بلا تاخیر جواب دیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا نے مشترکہ فوجی مشقیں انجام دی ہیں جن میں سیکڑوں لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا ۔ شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں کو اپنی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں ممالک نے ہماری طاقت کے مظاہرے اور خاص طور پر ہماری فضائیہ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے رواں برس ریکارڈ تعداد میں میزائلوں کا تجربہ کیا ہے جس میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) بھی شامل ہے جس کے باعث جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان اپنے میزائل شکن دفاعی نظام کی توانائی بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔

ٹیگس