امریکہ میں فائرنگ کرکے ٹیچر کو زخمی کرنے والا 6 سال کا بچہ گرفتار
امریکہ میں فائرنگ کرکے ٹیچر کو زخمی کرنے والا 6 سال کا بچہ گرفتار ہو گیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: فارس خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ریاست ورجینیا کے ایک الیمنٹری اسکول میں پیش آیا۔ اسکول کے 6 سالہ طالب علم کی فائرنگ سے زخمی ٹیچر کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بچے کی جانب سے فائرنگ حادثاتی طور پرنہیں کی گئی ۔ بچے کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ فائرنگ سے کوئی طالب علم زخمی نہیں ہوا۔
پولیس افسران کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پہلی جماعت کے کلاس روم میں دو بچوں کے درمیان جھگڑے کے بعد پیش آیا، بچے نے بندوق کہاں سے حاصل کی اس بارے میں ابھی تحقیقات جاری ہیں ۔
پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کا نام بتانے سے انکار کیا تاہم یہ کہا کہ لڑکے نے ہینڈ گن استعمال کی تھی۔
امریکہ میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات عام ہیں اور اب تک طلبا سمیت درجنوں افراد ان واقعات میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ میں فائرنگ کی وارداتوں میں سالانہ کئی ہزار افراد ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں۔ اسلحے کی خرید و فروخت اور اُسے کھلے عام لے کر پھرنے کی آزادی کو امریکہ میں فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعات میں اضافہ کی اہم وجہ قرار دیا جاتا ہے۔
امریکہ کے قانون ساز ادارے طاقتور اسلحہ لابی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے تاحال، گن کنٹرول قوانین وضع کرنے سے قاصر رہے ہیں۔