سینیگال میں خوفناک بس تصادم،127 افراد ہلاک و زخمی، تین روزہ سوگ کا اعلان
مغربی افریقہ کے ملک سینیگال کے وسطی علاقے میں دو بسوں میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد ہلاک جبکہ 87 زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ دنیا: دارالحکومت ڈاکار سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ وسطی علاقے کافرین کے قریب نمبر ون نیشنل روڈ پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سوا تین بجے پیش آیا۔
خوفناک بس تصادم پر سینیگالی صدر میکی سال (Macky Sall) نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آج بروز پیر سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ سڑک کی حفاظت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کے لیے ایک بین وزارتی کونسل کا انعقاد کریں گے۔
میکی سال نے کہا کہ میں گنیبی میں ہونے والے المناک سڑک حادثے سے بہت افسردہ ہوں جس میں 40 افراد ہلاک اور بہت سے شدید زخمی ہوئے۔ میں متاثرین کے اہل خانہ کو دلی تعزیت پیش کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔
پبلک پراسیکیوٹر شیخ ڈائینگ (Cheikh Dieng) نے بتایا کہ حادثہ نیشنل روڈ نمبر ایک پر اس وقت پیش آیا جب ایک عوامی بس کا ٹائر پنکچر ہو گیا اور وہ سڑک کے پار مڑ کر مخالف سمت سے آنے والی دوسری بس سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم 87 افراد زخمی ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
سوشل میڈیا پر حادثے کی تصاویر شیئر کی گئی ہے۔ جس میں تباہ شدہ بسیں ایک دوسرے سے ٹکرائی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں اور تصاویر میں سڑک کے ساتھ ملبے کا ڈھیر دکھایا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مغربی افریقی ملک میں خراب سڑکوں، خراب کاروں اور ڈرائیوروں کی جانب سے قوانین کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے ٹریفک حادثات ہوتے ہی رہتے ہیں، لیکن یہ حادثے کو سال کا بدترین حادثہ قرار دیا جارہا ہے۔