ہندوستان: دہلی میں ایک کارروائی کے دوران 260 غیرملکی شہری گرفتار
اطلاعات کے مطابق دہلی میں پولیس نے ایک کارروائی میں 260 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدگان میں زیادہ تعداد نائیجیریائی شہریوں کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی پولیس نے 'آپریشن کلین سویپ' کے تحت 260 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا ہے، گرفتار شدگان میں نائجیریا، آئیوری کوسٹ، لائبیریا، سینیگال، سیئرا لیون، گھانا، کیمرون اور یوگینڈا کے شہری شامل ہیں تاہم نائیجیریائی شہریوں کی تعداد زیادہ ہے۔
دہلی پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مسلسل کارروائی کررہی ہے اور کرتی رہے گی اور یہ کہ جن لوگوں کے پاس درست دستاویزات ہوں گی انہیں رہا کردیا جائے گا۔
دہلی پولیس نے دارالحکومت کو منشیات کے اسمگلروں سے پاک کرنے اور غیر قانونی مقیم غیرملکی شہریوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے، مغربی رینج کے تمام تھانوں کے علاقوں میں یہ سخت کارروائی شروع کی۔ دہلی پولیس کے اس وسیع آپریشن کے لئے، 30 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جن میں کُل 600 پولیس اہلکار شامل تھے اور دوارکا، مغربی اور بیرونی اضلاع کے ڈی سی پیز کی رہنمائی میں یہ کارروائی کی گئی۔
دہلی پولیس نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے 260 افراد میں 210 مرد ہیں۔ پولیس کارروائی کے دوران متعدد افریقی شہریوں سے منشیات بھی برآمد کی گئی۔ ان کے پاس زیادہ قیام یا میعاد ختم ہونے والے ویزے اور پاسپورٹ پائے گئے، گرفتار شدگان کے خلاف 26 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں، غیر قانونی طور پر اپنے گھر غیر ملکیوں کو کرائے پر دینے والے 25 سے زیادہ مکان مالکان کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کے خلاف مناسب قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق درست دستاویزات کے ساتھ کچھ افریقی شہریوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔