Jan ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۳ Asia/Tehran
  • بلیک لائیوز میٹر تحریک کے بانی کا کزن امریکی پولیس کی بربریت سے ہلاک (ویڈیو)

امریکی پولیس نے سیاہ فام تحریک بلیک لائیوز میٹر کے بانی کے ایک کزن پر بار بار الیکٹرک شاکر استعمال کر کے اُسے قتل کر دیا ہے جس سے سارے امریکہ میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: لاس انجلس پولیس نے بلیک لائیوز میٹر تحریک کے بانی کے ایک کزن کینان انڈرسن کو باربار ٹیزر مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ پیٹرس کولرز کا 31 سالہ کزن کو کیلی فورنیا کے ہسپتال سانٹا مونیکا علاج کی غرض سے لایا گیا تھا جسے لاس اینجلس میں 3 جنوری کو پولیس کے ہاتھوں باربار ٹیزر مارنے سے دل کا دورہ پڑا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اسکول کے استاد سیام فام کینان انڈرسن کو لاس اینجلس پولیس کے کئی آفیسرز نے پکڑ کر نیچے گرایا، اس کی گردن پر گھٹنا رکھا اور ایک پولیس آفیسر نے کئی بار الیکٹرک شاک دینے والے ٹیزر کا استعمال کیا۔

لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہونے والی فوٹیج میں انڈرسن مدد کی درخواست کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اوروہ کہہ رہا ہے کہ وہ میرے ساتھ جارج فلائیڈ والا کام کر رہے ہیں، وہ میرے ساتھ جارج فلائیڈ والا سلوک کر رہے ہیں۔

جارج فلائیڈ کو مئی 2020ء میں امریکی پولیس نے بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا تھا جس کے خلاف ساری دنیا میں امریکی نسلی عدالتی نظام کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس پولیس کی فوٹیج میں انڈرسن پولیس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ وہ مجھے قتل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ مجھے مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک پولیس آفیسر جب ٹیزر مارتا ہے تو وہ دوسرے پولیس والوں سے کہہ رہا ہے، میری مدد کرو۔

3 جنوری کو ہونے والے اس واقعے میں میڈیکل امدادی ذرائع جب حادثہ کی جگہ پہنچے اور اسے ہسپتال لے گئے تو وہاں اسے دل کا دورہ پڑا۔بلیک لائیوز میٹر تحریک کے بانی کولرز نے گارڈین اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کا کزن مدد کی درخواست کر رہا تھا جو اسے نہیں ملی اور اسے قتل کر دیا گیا۔

سال 2023ء میں لاس انجلس پولیس کے ہاتھوں تشدد سے قتل ہونے والا تیسرا فرد ہے۔ 2جنوری کو لاس اینجلس پولیس نے 45 سالہ ٹاکر اسمتھ کو گولی مار کر قتل کردیا تھا جب کہ ایک دن بعد ہی 35 سالہ آسکر سینشز پولیس فائرنگ میں مارا گیا تھا۔

لاس اینجلس کے میئر نے ان حادثات کو بہت افسوسناک قرار دیا جب کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ وہ ان تین افراد کی ہلاکت کی تحقیقات کر رہی ہے۔2021ء میں دی لانسٹ میڈیکل جرنل نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا کہ 1980سے 2018ء کے دوران 30،800 سے زیادہ افراد پولیس تشدد میں مارے گئے ہیں جب کہ امریکی حکومت کے اعداد و شمار یہ تعداد بہت کم بتا رہے ہیں۔

اسی ماہ جاری ہونے والے نئے اعداد و شمار کے مطابق امریکی پولیس نے سال 2022ء میں 1176 لوگوں کو قتل کیا جو پولیس تشدد کے حوالے سے سب سے بدترین سال قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگس