امریکہ میں فائرنگ سے 26 افراد ہلاک و زخمی
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فائرنگ کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: تسنیم نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے مونٹیری پارک میں فائرنگ سے 10 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ مونٹیری پارک میں پیش آیا جہاں چین کے نئے سال کے آغاز کی مناسبت سے تقریب جاری تھی جس میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین بھی شریک تھے۔
مسلح شخص نے پارک میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ ملزم فرار ہوگیا جس کے تعاقب میں پولیس ٹیم روانہ کردی گئی۔
ریسکیو ادارے نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں دس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی جب کہ 16 افراد زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
تاحال پولیس قاتل کو گرفتار میں کرنے میں ناکام رہی ہے جب کہ قتل کے محرک کا بھی تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی اعداد وشمار فراہم کرنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق سال 2020ء میں 45 ہزار سے زیادہ افراد مسلحانہ تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں جو امریکی تاریخ میں کسی سال میں گن کلچر سے ہلاک ہونے والے افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔