مغربی ممالک ناقابل اعتماد، مذاکرات بے معنی: روس
اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے نے مغربی ملکوں کو نا قابل اعتماد بتایا ہے
سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسیلی نبنزیا نے منسک معاہدے پر ہونے والی سلامتی کونسل کی نشست کے موقع پر صاف الفاظ میں کہہ دیا کہ ماسکو کو اب مغربی ممالک کے وعدوں پر ذرہ برابر بھروسہ نہیں ہے۔
انہوں نے یوکرین کے معاملے میں مغربی ممالک کی فریب پر مبنی پالیسی کو روس کے عدم اعتماد کی وجہ قرار دیا ہے۔
واسیلی نبنزیا نے کہا کہ روس کی سرحدوں پر نیو نازیوں اور قوم پرستوں کو لاکھڑا کرنے والے مغربی ممالک سے مذاکرات ناممکن ہوچکے ہیں۔
انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں موجود مغربی ممالک کے نمائندوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ سب نے روس سے اپنی گہری نفرت کا مظاہرہ کردیا ہے اور ہم بھی یہ بات سمجھ چکے ہیں کہ آپ لوگ اپنی نفرت کی بنیاد پر اور دوسرے ممالک کو استعمال کرکے روس کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
روس کے مستقل مندوب نے مزید کہا کہ اب ہمیں آپ لوگوں پر سرے سے بھروسہ نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا کے امن کے سائے میں زندگی بسر کرنے کی خواہش پر بھی ہرگز بھروسہ نہیں کیا جائے گا۔