Feb ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • بائیڈن کے سفر کے بعد یوکرین میں شدید تباہی

امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے سفر کے دو دن بعد، یوکرین کی فوج کو ایک دن میں 500 افراد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس کی وزارت دفاع نے کہا کہ یوکرین کی مسلح افواج گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنگ کے پانچ محوروں پر تقریباً 500 فوجیوں کا نقصان اٹھا چکی ہے۔

روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ صرف پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران دونباس کے علاقے میں خصوصی فوجی آپریشن کے پانچ محوروں پر لڑائی کے دوران یوکرین کی مسلح افواج کے کم از کم 490 اہلکار مارے گئے۔

اسپوتنک خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے 40 فوجی کوبیانسک محور میں، 135 فوجی کراسنولیمان کے محور پر، 250 فوجی ڈونیٹسک محور پر اور 65 فوجی کھیرسن اور یوزنودونیسک محور پر روسی افواج کے ساتھ جنگ میں مارے گئے۔

وزارت نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ روز کے حملوں کے دوران 12 فوجی پک اپ گاڑیاں، 11 بکتر بند گاڑیاں، 6 آٹومیٹک ہووٹزر توپ خانے، یوکرینی مسلح افواج کی 72ویں میکانائزڈ بریگیڈ کا کمانڈ سینٹر تباہ کر دیا گیا۔

گزشتہ روز روس نے یہ بھی کہا تھا کہ دونباس کے علاقے میں خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک یوکرینی فوج کا مجموعی نقصان 386 فوجی طیارے، 210 ہیلی کاپٹر، 3193 ڈرون، 405 فضائی دفاعی نظام، 7945 ٹینک اور دیگر بکتر بند گاڑیاں، متعدد راکٹ لانچرز اور 4157 توپ خانے اور مارٹر گولے ہو چکے ہیں۔

ٹیگس