Feb ۲۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • العقبہ سکیورٹی اجلاس صیہونیوں کی مفت خدمت ہے: فلسطینی تنظیمیں

ہزاروں فلسطینوں نے مختلف علاقوں میں مظاہرہ کر کے اردن میں ہو رہے العقبہ سکیورٹی اجلاس کی مخالفت کا اعلان کیا۔

سحر نیوز/عالم اسلام: ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مقبوضہ فلسطین کے جنین کیمپ میں ہزاروں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے اردن کی میزبانی میں ہو رہے العقبہ اجلاس کی سخت مخالفت کی۔ اُدھر بیت لحم کے الدہیشہ کیمپ میں بھی العقبہ سکیورٹی اجلاس کے خلاف احتجاج کی خبریں ہیں۔

العقبہ سکیورٹی اجلاس آج اردن کی میزبانی میں ہو رہا ہے جس میں امریکہ، مصر، فلسطینی اتھارٹی اور غاصب صیہونی ریاست کے حکام شریک ہو رہے ہیں۔ 

فلسطینی تنظیموں نے اردن میں ہو رہے امریکی صیہونی اجلاس العقبہ کو صیہونی حکومت کی مفت خدمت قرار دیا اور کہا کہ یہ اجلاس کسی صورت فلسطینی عوام کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کے ساتھ سکیورٹی معاہدہ کرنے کے بجائے فلسطین کے قومی اتحاد پر توجہ دیں۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں نےاس اجلاس کو ایک شکست خوردہ اجلاس سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ امریکہ کی نگرانی میں ہو رہا ہے اور محمود عباس کی سربراہی میں فسلطینی اتھارٹی ایک بار پھر واشنگٹن کے دھوکے میں آ گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عقبہ اردن کا ایک ساحلی شہر ہے اور مذکورہ اجلاس چونکہ اس شہر میں منعقد ہو رہا ہے، اس لئے اُسے اسی شہر کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔

ٹیگس