Mar ۰۱, ۲۰۲۳ ۰۸:۱۰ Asia/Tehran
  • یونان میں خوفناک ٹرین حادثہ، 114 افراد ہلاک و زخمی (ویڈیو)

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کے شہر لاریسا کے قریب مسافر اور کارگو ٹرینوں کی آمنے سامنے کی ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 114 افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔

سحر نیوز/دنیا: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یونان کے شہر لاریسا کے قریب 2 ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تقریباً 29 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے 25 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

فائر سروسز کے ترجمان نے تصدیق کی کہ حادثہ دارالحکومت ایتھنز اور تھیسالونیکی کے درمیان اس وقت پیش آیا جب 350 مسافروں سے بھری ایک مسافر ٹرین ایتھنز سے تقریباً 235 میل شمال میں سامنے سے آ رہی ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اب تک کم از کم 29 افراد مردہ پائے گئے ہیں، مسافروں کی اکثریت کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے جبکہ پھنسے ہوئے مزید لوگوں کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

ایمرجنسی سروس کے مطابق تقریباً 150 فائر فائٹرز اور 40 ایمبولینسوں کو متحرک کیا گیا ہے اور ساتھ ہی کرینوں اور تکنیکی اہلکاروں کو بھی ملبہ ہٹانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

ٹرین کی ایک بوگی مکمل طور پر تباہ گئی ہے، جس سے ریسکیو کا کام خاصا مشکل ہو گیا، جبکہ دوسرے حصوں سے دھواں اور آگ کے شعلے نکل رہے ہیں۔

مقامی میڈیا اس حادثے کو یونان میں اب تک کا بدترین ٹرین حادثہ قرار دے رہا ہے۔

ٹیگس