فرانس میں جوہری بجلی گھروں کے کارکنوں کی ہڑتال
فرانس کے سی جی ٹی نامی کنفیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ فرانس کے ایٹمی بجلی گھروں کے کارکنوں نے غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال شروع کر دی ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ہڑتال ریٹائر منٹ کی عمر میں کی جانے والی اصلاحات کے خلاف بطور احتجاج شروع کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اس سے قبل بھی کئی بار احتجاج اور مظاہرے کئے جا چکے ہیں۔
فرانس میں ریٹائرمنٹ کی عمر باسٹھ سال سے بڑھا کر چونسٹھ برس کی جا رہی ہے جس پر محنت کش طبقے نے شدید احتجاج کیا ہے۔ فرانس میں گیس کے شعبے میں کام کرنے والے ملازمین نے چار روز قبل اسی سلسلے میں احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ٹرانسپورٹ اور ریلوے کے محکمے نے بھی اسی طرح کی ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانس میں اس طرح کی احتجاجی ہڑتالیں انیس جنوری سے شروع ہوئی ہیں اور اب تک چار بار عام ہڑتالیں کی جا چکی ہیں جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی جس سے اس ملک میں حکومت کے لئے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔