Mar ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن دھماکے کے اصل ذمہ داروں کی پردہ پوشی کی جا رہی ہے: روس

نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں دھماکے کے حوالے سے مغربی ذرائع ابلاغ کی تعجب خیز رپورٹ پر روس نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے عوام کی توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس کے صدارتی محل کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے کہا ہے کہ مغربی ذرائع ابلاغ نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بارے میں متحد ہوکر غلط بیانی اور واقعے کے حقیقی ذمہ داروں کی جانب سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دیمیتری پیسکوف نے کہا کہ نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں دھماکہ ایک خوفناک مجرمانہ اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ نورڈ اسٹریم منصوبے میں شامل ممالک کو چاہئے کہ اس دھماکے اور اس کے پس پردہ عوامل کے بارے میں شفاف تحقیقات پر زور دیں۔
کریملن کے ترجمان نے نیویارک ٹائمز اور سائٹ جریدے کی رپورٹوں کے بارے میں کہا کہ اس بارے میں ہمیں تحقیقات کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نیویارک ٹائمز نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں دھماکے کا ذمہ دار،  یوکرین کا حامی کوئی گروہ ہے جس کا کیف حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 
یہ رپورٹ شایع ہونے کے بعد جرمن ذرائع ابلاغ نے بھی یہی کہانی دہرانا شروع کردی ہے۔ اس رپورٹ میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ اس دھماکے میں استعمال ہونے والے جہاز کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چھبیس ستمبر سن دو ہزار بائیس کو روس سے یورپ جانے والی گیس پائپ لائن میں دو دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں اس پائپ لائن کے ذریعے یورپ کو ملنے والی گیس کی ترسیل میں بری طرح خلل پڑ گیا۔  

ٹیگس